مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نما نے دمشق میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر مسلسل ہونے والی گولہ باری کی شدید مذمت کی اور اس میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حماس اس طرح کے واقعات کی شدید مذمت کرتی ہے۔ ہمیں یہ معلوم نہیں کہ آیا مہاجر کیمپ کے فلسطینیوں کو کون قتل کررہا ہے تاہم جو بھی اس میں ملوث ہے وہ انسانیت دشمنی کا ثبوت دے رہا ہے۔
اسامہ حمدان کا کہنا ہے کہ شامی عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ فلسطینی ان کے ملک کے موجودہ داخلی بحران میں غیر جانب دار ہیں اور وہ کسی ایک فریق کی بھی حمایت نہیں کر رہے ہیں۔ ایسے میں فلسطینیوں پر کسی ایک فریق کے ساتھ تعاون کا الزام عائد کرنا نا انصافی اور حقائق سے منہ پھیرنے کے مترادف ہے۔