رپورٹ کے مطابق غزہکی پٹی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الزھار نے کہا کہ ایک غیرملکیوں کو قبلہ اوّل کا تقدس پامال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ یہودی قبلہ اوّل میں عبادت کی آڑ میں داخل ہوکر مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے ہیں۔ ان کا مقصد مذہبی رسومات کی ادئیگی نہیں بلکہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کےلیے راہ ہموار کرنا ہے۔
ڈاکٹر الزھار نے کہا کہ فلسطین میں جاری موجودہ تحریک کو "کشیدگی کی لہر” قرار دینا قطعی نامناسب ہے۔ یہ تحریک فلسطینی قوم کی اجتماعی تحریک ہے اور اس کا مقصد فلسطین کی آزادی کی منزل کے حصول کو آسان کرنا ہے۔ انہوں نے تمام فلسطینیوں سے اپیل کی کہ وہ تحریک انتفاضہ کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کی فضاء پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دشمن کو گمان تھا کہ وہ قبلہ اوّل کو یہودیوں اور مسلمانوں میں زمانی اور مکانی اعتبار سے تقسیم کرنے کی اپنی سازشوں میں کامیاب ہوجائے گی مگر فلسطینی قوم دشمن کی اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے گھروں سے نکل کھڑے ہوئے۔ فلسطینیوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر قبلہ اوّل کا دفاع کیا اور اس کی تقسیم کی ناپاک سازشیں ناکام بنا دیں۔