مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت رشق نے اپنے ایک بیان میں امریکی صدارتی امیدوار میٹ رومنی کے بیان کو تاریخی حقائق مسخ کرنے کی ایک گھناؤنی سازش سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ رومنی کا بیان کہ ‘بیت المقدس اسرائیل کا دارالحکومت ہے’فلسطینی عوام، عرب اقوام ، عالم اسلام اور پوری زندہ ضمیر دنیا کے لیے اشتعال انگیزی کا باعث ہے۔ عزت رشق نے کہا کہ میٹ رومنی جیسے صہیونیت نواز لوگوں کے اس طرح کے اشتعال انگیزبیانات کی تمام ترذمہ داری عالم اسلام پر عائد ہوتی ہے۔ عرب اقوام اور مسلم امہ نے بیت المقدس، مسجد اقصیٰ اور فلسطین کے بارے میں اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کی ہیں۔
حماس رہ نما نے کہا کہ میٹ رومنی فلسطینیوں کی نہیں بلکہ صہیونیوں کی طرف داری کر رہے ہیں۔ رومنی کی جانب سے فلسطین کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ بیت المقدس ہمیشہ سے فلسطین کا حصہ رہا ہے اور فلسطین کا اٹوٹ انگ رہے گا۔ امریکا اور اسرائیل سمیت دنیا کی کوئی طاقت اسے ہم سے چھین نہیں سکتی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین