غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کی قیادت اور کارکنان نے جماعت کے 31 ویں یوم تاسیس کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اس بار حماس”مزاحمت فتح یاب اور محاصرعزائم شکن نہیں ہوگا” کے عنوان سے یوم تاسیس منا رہی ہے۔گذشتہ روز جماعت کے بانی الشیخ احمد یاسین شہید کی رہائش گاہ سے جماعت کی تاسیسی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا۔
جماعت کے یوم تاسیس کی مناسبت سے 16 دسمبر بہ روز اتوار غزہ میں الکتیبہ گرائونڈں میں ایک اجتماع عام منعقد کیا جائے گا، جس میں لاکھوں کے مجمع کی شرکت کی توقع ہے۔
حماس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کا 31 واں یوم تاسیس اس عزم کےساتھ منایا جا رہا ہے کہ جماعت آزادی فلسطین کی خاطر ہر لمحہ مسلح جدو جہد آزادی کا سفر جاری رکھے گی۔ لازوال قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ حماس قومی وحدت اور دشمن کے خلاف بندوق سے لڑنے کے عزم کا بھی اظہار کرے گی۔