(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس نے کہا ہے کہ مراکش کے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور صہیونی ریاست کے ساتھ مکمل طور پر سفارتی تعلقات قائم کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے مراکش نے بڑی سیاسی غلطی کی ہے۔
افریقی عرب ملک مراکش کی جانب سے صیہونی ریاست کے ساتھ مکمل طور پر سفارتی تعلقات معمول پرلانے کے اعلان پر فلسطینی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے، اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے ترجمان حازم قاسم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حماس کو پورا یقین ہے کہ مراکشی عوام حکومت کے اس فیصلے سے متفق نہیں کیونکہ مراکشی قوم ہمیشہ کی طرح آج بھی فلسطین، القدس اور الاقصیٰ کے ساتھ کھڑی ہے۔
بیان میں مراکشی حکومت کے اس اعلان کو مراکش کے تاریخی اور اصولی موقف سے صریح انحراف قرار دیتے ہوئے رباط سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صہیونی ریاست کو تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لے۔