رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان ڈاکٹر سامی ابو زھری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر یہودی فوج اور آباد کاروں کے روز مرہ کی بنیاد پر ہونے والے دھاووں سے یہ بات کھل کر سامنے آگئی ہے کہ اسرائیلی حکومت مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری رکھنے کے ساتھ اس کے آئینی اسٹیٹس کوتبدیل کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے دھاووں سے اسرائیلی فریب کھل کر سامنے آگیا ہے۔ اسرائیلی حکومت مسجد اقصیٰ کے حوالے سے پوری دنیا کو گمراہ کررہی ہے۔
سامی ابو زھری نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کے مسجد اقصیٰ کی حفاظت سے متعلق بیان کا خیر مقدم کرنے والے حلقوں پر زور دیا ہے کہ وہ صہیونی ریاست کے فریب اور دھوکے کو سمجھیں اور مسجد اقصیٰ کے حوالے اسرائیلی وزیراعظم کے دھوکہ دہی پرمبنی بیانات پر یقین کرنے کے بجائے مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لیے حقیقی اور ٹھوس اقدامات کریں۔
خیال رہے کہ منگل کے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں دن بھر یہودی آباد کاروں کا مسجد اقصیٰ میں داخلے ہونے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری رہا۔
یہودیوں کے مسجد اقصیٰ پر دھاوے ایک ایسے وقت میں جاری ہیں جب صہیونی وزیراعظم نے حال ہی میں اردن میں امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ وہ مسجد اقصیٰ کا اسٹیٹس تبدیل نہیں کررہے ہیں۔ مسجد اقصیٰ فلسطینیوں کو عبادت کی مکمل آزادی دی جائے گی۔