غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے مہاتیر محمد کی جانب سے اسرائیلی کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں ہونے والی چیمپئین شپ میں داخلے سے روکنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسماعیل ھنیہ کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم اور حماس ملائیشیا کے وزیراعظم کے اعلان کو درست سمت میں اہم اقدام قرار دیتی اور اس فیصلے کا تہ دل سے خیر مقدم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کی حکومت نے پیراکی کے عالمی مقابلے میں اسرائیلی کھلاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر کے فلسطینی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کا یہ اقدام فلسطینی قوم کی تاریخی فتح اور روزانہ کی بنیاد پر جرائم کا سامنا کرنے والے مظلوم فلسطینیوں کی کامیابی ہے۔
خیال رہے کہ ملائیشیا کی حکومت نے اسرائیل کے کھلاڑیوں کو اپنے ہاں ہونے والے پیراکی کے مقابلے میں شرکت سے روک دیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی ریاست نے ملائیشیا کے اقدام پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔