اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے ایک فلسطینی خاتون کو حراست میں لینے کے بعد تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ محروسہ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے فوجی چوکی کےپاس سے گذرتے ہوئے ایک فوجی اہلکار پر تیز دھار آلے سے حملے کی کوشش کی تھی تاہم اس کا وار خطاء گیا اور یہودی فوجی اہلکار محفوظ رہا۔
اسرائیل کے عبرانی ریڈیو کے مطابق اسرائیل کی بارڈر فورسزنے بدھ کے روز الخلیل سے اس وقت ایک فلسطینی خاتون کو حراست میں لیا جب اس نے ایک یہودی فوجی پر تیز دھار آلے سے حملے کی کوشش کی تھی۔ تاہم فوجیوں نے بروقت کارروائی کر کے فلسطینی خاتون کے ہاتھ سے خنجر چھین کر قبضے میں لے لیا اور اسے تفتیش کے لیے ایک خفیہ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادھر ایک دوسری رپورٹ کے مطابق صہیونی ریڈیو نےاطلاع دی ہے کہ محروس فلسطینی خاتون یہودی کالونی”کریات اربع” کے پاس سے گذر رہی تھی کہ اس نے ایک یہودی آباد کار پر حملے کی کوشش کی تاہم موقع پر پولیس نےاسے حراست میں لے لیا۔