اسرائیلی فوج کے اسپیشل کمانڈوز نے جمعرات کے روز مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم عقوبت خانے "عوفر”میں زیرحراست اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے کارکنوں کی جامہ تلاشی لی اور ان کے ذاتی استعمال کا سامان بھی قبضےمیں لے لیا گیا۔
جیل میں حماس کے قیدیوں کے لیے مخصوص وارڈ میں اس وقت 120 قیدی موجود تھے۔
ایک اخباری ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی فوج کی "متسادا” یونٹ کے تفتیش کاروں نے جمعرات کو جیل میں حماس کے کارکنوں کے لیے مخصوص وارڈ پرچھاپہ مارا۔ تمام اسیران کو بیت الخلاء میں بند کر کے ان کے سامان اور کمروں کی جامہ تلاشی لی۔
ذرائع کے مطابق کچھ اسیران نے اس موقع پر صہیونی فوج کے ساتھ مزاحمت کی جس کے بعد انہیں انتظامیہ کے ساتھ ہاتھا پائی کے الزام میں حراست میں لے کر انفرادی قید میں ڈال دیا گیا۔ جیل میں قیدیوں کے پاس موجود کوکنگ ائل اور پانی گرم کرنے کے الیکٹرک راڈ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
ذرائع کےمطابق صہیونی فوج کی جانب سے حماس کے قیدیوں کے ساتھ یہ تازہ بدسلوکی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب اسرائیلی جیلوں میں قیدیوں کی بھوک ہڑتال کا رواج عام ہوتا جا رہا ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی بھوک ہڑتال مہموں کے پیچھے حماس کے زیرحراست جنگجو موجود ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین