مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس اسرائیل کے جنگی جرائم کے ہزاروں ٹھوس اور ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ اسرائیل ایک دو بار نہیں بلکہ غزہ کی پٹی، غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس سمیت فلسطین کے دوسرے شہروں میں ہزاروں بار جنگی جرائم کا ارتکاب کرچکا ہے اوریہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
حماس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت بین الاقوامی عدالت کی جانب سے صہیونی فوج کے جنگی جرائم کی تحقیقات کے اعلان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینی عوام کو بھی صہیونی ریاست کے مظالم سے انصاف کے حصول کا حق حاصل ہے۔ نہتے اور معصوم فلسطینیوں کو نہایت بے دردی اور بے رحمی سے شہید کرنے والوں کو حساب دینا ہوگا۔
فوزی برھوم نے مطالبہ کیا کہ آئی سی سی فلسطینیوں کے خلاف صہیونی ریاست کے جنگی جرائم کی تحقیقات میں کسی کے دباو میں آئے بغیر تیزی سے اپنے فیصلے صادر کرے اور فلسطینیوں کو جلد از جلد انصاف دلائے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین