غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نےغزہ کی پٹی پر آگ اور بارود کی بارش جاری رکھی تو اسے اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ پر صیہونی جارحیت کی ذمہ داری اسرائیلی ریاست پرعائد ہوتی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ غزہ پراسرائیل نے جارحیت ایک ایسے وقت میں مسلط کی ہے جب دوسری جانب قبلہ اوّل کے خلاف صیہونی یلغار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ فلسطینی قوم اسرائیلی ریاست کی ہرطرح کی جارحیت کا مقابلہ کرنے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ صیہونی دُشمن فلسطینی مزاحمتی قوتوں کی دفاعی صلاحیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ اسرائیلی ریاست اپنے داخلی بحرانوں سے توجہ ہٹانے کے لیے غزہ کے عوام کو تختہ مشق بنا رہا ہے اور غزہ کے عوام کے لیے نئے بحران پیدا کررہا ہے۔
فوزی برھوم نے کہ حماس دشمن کو اس کے داخلی بحرانوں کی وجہ سے فسطینی قوم کاخون بہانے کی اجازت نہیں دے گی۔ غزہ پر جنگ مسلط کرکے صیہونی انتہا پسند گروپ انتخابی کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں مگر انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خیال رہے کہ جمعرات اور جمعہ کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ پر 60 مقامات پر بمباری کی جس کے نتیجے میں پانچ شہری زخمی ہوگئے جبکہ بمباری میں بڑے پیمانے پر عمارتوں اور گھروں کو نقصان پہنچا۔