غزہ(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کویتی مارشل آرٹ کے کھلاڑی کی جانب سے اسرائیلی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے بائیکاٹ کا خیر مقدم کیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کویتی کھلاڑی عبداللہ کے والد ڈاکٹر ولید العنجری سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور ان کے بیٹے کی طرف سے امریکی ریاست لاس اینجلس میں ہونے والے مارشل آرٹ کے مقابلے میں اسرائیلی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل میں حصہ لینے سے انکار کا خیر مقدم کیا اور ان کے اس اقدام کو فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کی عمدہ مثال قرار دیا۔
اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ کویتی کھلاڑی نے ایک ایسے وقت میں اسرائیلی ریاست کے ساتھ کھیل کا بائیکاٹ کیا ہے جب عرب دنیا میں صیہونی ریاست کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھانے کی سازش کی جا رہی ہے۔