(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے سینئر رہنما نے کہا ہے کہ حماس نہیں چاہتی کہ ایک بار پھر معاملات صفر پر چلے جائیں اس لئے اختلافات کے باوجود تحریک فتح کے ساتھ مصالحتی بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایک ٹی وی چینل کو دیے گئےانٹرویومیں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے نائب صدر الشیخ صالح العاروری نے مصالحتی عمل پر اپنی جماعت کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس نہیں چاہتی کہ معاملات ایک بار پھر صفر پر چلے جائیں اس لئے ان کی جماعت اختلافات کے باوجود تحریک فتح کے ساتھ مصالحتی بات چیت جاری رکھے گی، دونوں جماعتیں اختلافات کے باوجود بات چیت کا عمل آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک فتح کی نمائندگی پرمشتمل فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی تعاون اور رابطے بحال کرکے عوام کو مایوس کیا ہے تاہم اس کےباوجود ہمیں پورا یقین اور وثوق ہے کہ حماس مصالحت کا عمل پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصالحت کے لیے ہماری مساعی جاری رہیں گی اور اختلافات کی بنیاد پرہم مصالحت کا سفر کھوٹا نہیں کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان مصالحتی عمل جاری رکھنے کاعزم موجود ہے تاہم انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے دونوں جماعتوں میں اختلافات ہیں۔ تاہم توقع ہے کہ جلد ہی یہ اختلافی نقطہ بھی حل ہوجائے گا۔