حماس کے پولٹ بیورو کے رکن عزت الرشق نے پی ایل او ، فلسطینی اتھارٹی اور فلسطینی عہدیداروں اور جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یرموک مہاجر کیمپ میں ہونے والے افسوسناک واقعات کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔ رشق کا کہنا تھا کہ شام میں موجود مہاجر کیمپ میں ایک انسانی بحران جنم لے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یرموک مہاجر کیمپ ایک منظم پالیسی کے تحت 100 سے زائد دنوں سے محاصرے کا شکار ہے۔ کیمپ میں موجود 1500 گھروں کا تباہ کردیا گیا ہے۔ جبکہ کیمپ میں خوراک، ادویات، تیل کی شدید کمی ہے۔
تحریک حماس کے رہنما عزت الرشق نے اپنے بیان میں ایک فتویٰ کا بھی ذکر کیا جس کے مطابق مہاجرین اپنی جانوں کو بچانے کے لئے کتوں اور بلیوں کو بھی کھا سکتے ہیں۔
رشق کا مزید کہنا تھا کہ 20 ہزار فلسطینی مہاجرین اس وقت یرموک مہاجر کیمپ میں بے یارومددگار بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
انہوں نے تمام فلسطینی گروہوں اور رہنمائوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بحران پر باہمی مشاورت کریں اور اس کو ختم کرنے کے لئے کام کا آغاز کریں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین