(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے تیونس کے نومنتخب صدر سعید قیس کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو خیانت قراردینے کے بیان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیونس میں جمہوری طریقے سے انتخابات کے انعقاد پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔
فلسطین میں اسرائیلی مظالم کےخلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی جانب سے تیونس کے نو منتخب صدر سعید قیس سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ۔
انہوں نے نو منتخب صدر سعید قیس کے اس بیان کی بھی تحسین کی جس میں انہوں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو نارملائز کرنے کو بہت بری خیانت قرار دیا تھا۔ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران قضیہ فلسطین کو اپنے انتخابی ایجنڈے میں سر فہرست رکھا ہے۔اسماعیل ھنیہ نے تیونس کے نو منتخب صدر کی طرف سے قضیہ فلسطین کی جرات مندانہ حمایت کرنے اور فلسطینی قوم کے حقوق کے حوالے سے جاندار موقف اپنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔