(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی نوجوان کی بے دردی کے ساتھ شہادت کے واقعے پر فلسطینی تنظیموں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے، حماس کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جوابی کارروائی اور بدلہ لینے کا حق ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے ترجمان حازم قاسم نے اپنے بیان میں گذشتہ روز غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں قابض صہیونی فوج نے ہاتھوں 18 سالہ فلسطینی نوجوان عامر صنوبر کی بے دردی کے ساتھ شہادت کو صہیونی فوج کی منظم ریاستی دہشت گردی کی تازہ مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی فوج کے تشدد سے فلسطینی نوجوان کو شہید کرنا قابض فوج کی منظم ریاستی دہشتگردی کا کھلاثبوت ہے۔
انھوں نے فلسطینی نوجوان کے بے دردی کے ساتھ قتل کے واقعے پراسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے والے بعض عرب ممالک کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عرب ممالک کی فلسطینیوںکے خلاف منظم ریاستی دہشت گردی پر خاموشی جرم میں اسرائیل کا ساتھ دینے کے مترادف ہے انھوں نے مزید کہا کہ صہیونی ریاستی دہشتگردی کے خلاف فلسطینی مزاحمتی قوتوں کو جوابی کارروائی اور بدلہ لینے کا حق ہے۔