مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے میڈیا کے مطابق قومی حکومت میں تبدیلی اور چھ وزارتوں کے قلم دان تبدیل کرنے سے قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
کابینہ میں تبدیلی کے بعد حسین الاعرج کو وزیر برائے لوکل گورنمنٹ، صبری صیدم کو وزیرتعلیم،، سمیح طبیلہ کو مواصلات، سفیان التمیمی کو زراعت اور عبیر عودہ کو اقتصادیات کا قلم دان سونپا گیا ہے۔ یہ پانچوں وزیر صدر محمود عباس کی جماعت تحریک فتح سے تعلق رکھتے ہیں۔
کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزراء آج نماز جمعہ کے بعد رام اللہ میں حلف اٹھائیں گے۔ صدر محمود عباس ان سے حلف لیں گے۔
خیال رہے کہ صدر محمودعباس نے تیس جون کو تنظیم آزادی فلسطین کو نئی کابینہ تشکیل دینے کا موجودہ کابینہ میں رد و بدل کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے وزیراعظم رامی الحمد اللہ کو ان کے عہدے پر برقرار رکھا ہے۔ دوسری جانب حماس نے کابینہ میں تبدیلی کو یک طرفہ اور قومی مفاہمتی اصولوں سے انحراف پرمبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت میں تبدیلی قومی اتفاق رائے سے نہیں ہوئی ہے جو کہ غیرآئینی اور قومی مفاہمتی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ اس وقت موجودہ حکومت کو مخلوط قومی حکومت نہیں قرار دیا جا سکتا بلکہ یہ صرف ایک مخصوص جماعت کی حکومت بن گئی ہے۔ حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے کہا کہ ان کی جماعت کابینہ میں تبدیلی کے بعد وجود میں آنے والی حکومت کو تسلیم نہیں کرتی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
