اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کا کہنا ہے کہ مصر نے گزشتہ اتوار کے روز صحرائے سینا میں اپنے 16 سولہ فوجیوں کی شہادت کے سانحے میں غزہ کے ملوث ہونے کی کوئی معلومات فلسطینی حکومت کے سپرد نہیں کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ مصر کی جانب سے اس اندوہناک کارروائی میں کسی فلسطینی کے ملوث ہونے کا دعوی کیا گیا اور نہ ہی اس ضمن میں حکومت یا تحریک سے کوئی مطالبہ کیا گیا ہے۔
حماس کے رہنما ڈاکٹر صلاح بردویل نے اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس میں سیناء حملے سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ حملے کے بعد سے اب تک میڈیا میں فلسطینی حکومت اور حماس پر جھوٹے الزامات کی بوچھاڑ کی جارہی ہے۔ دروغ گو یہودی مصر کے ساتھ غزہ کے تعلقات منقطع کرنے کے لیے طرح طرح کے جھوٹ گڑھ رہے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حملہ مصر اور فلسطین کے مابین تعلقات کو خراب کرنے کی ایک سازش تھی۔
حماس کی ترجمانی کرتے ہوئے ڈاکٹر صلاح بردویل نے کہا کہ ہمیں مصر پر پورا اعتماد ہے کہ مصری قیادت کھرے اور کھوٹے کی پوری پہچان رکھتی ہے۔ مصری حکومت فلسطینی کے عقلی موقف کو اچھی طرح سمجھ گئی ہے اور امید ہے کہ رفح راہگزر بند کرکے دوبارہ غزہ کا محاصرہ کرنے اور اہل غزہ کو اجتماعی سزا دینے سے گریز کریگی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین