اسلامی تحریک مزاحمت(حماس) کے راہنما اور مجلس قانون ساز میں پارلیمانی سیکرٹری مشیر مصری نے یہودیوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ پرحملوں کی سخت الفاط میں مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے
کہ قبلہ اول کو نقصان پہنچا تو مزاحمت کا آتش فشاں پھٹ جائے گا،اسرائیل کی جانب سے غزہ کی معاشی ناکہ بندی فلسطینی عوام کو قبلہ اول کی حفاظت سے نہیں روک سکتی۔ انہوںنے کہا کہ حماس سبزپرچم کے ساتھ مسجد اقصیٰ کی جانب جلد عوامی مارچ کا اہتمام کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غزہ میں مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کے حملوں کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے میں شریک ہزاروں مردو خواتین اور بچوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر یہودیوں کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت اور "یہودیو فلسطین سے نکل جاؤ کے نعرے درج تھے”۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مشیر مصری نے کہا کہ مسجد اقصیٰ فلسطینی عوام کی تحریک مزاحمت کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے، اسرائیل کی جانب سے معاشی ناکہ بندی، قتل عام اور مظالم کی کسی بھی سازش سے فلسطینی عوام کو اس کی تحفظ سے نہیں روکا جا سکتا۔ مصری کا کہنا تھا کہ قابض صہیونیوں کی جانب سے تواتر کے ساتھ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتیوں، القدس کو یہودیت میں رنگنے کی سازشوں، اس کے باشنوں کو شہر بدر کرنے اور شہر کے جغرافیائی، تاریخی اور آبادیاتی آثار کو ختم کرکے امت مسلمہ کو چیلنج کررہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل کے مسجد اقصیٰ کے حوالے سے ناپاک عزائم کو حماس کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دے گی اور قبلہ اول کے تحفظ کے لیے ہر سطح پرکوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے متنازعہ صدر محمود عباس سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل اور امریکہ کا آلہ کار بنے کے بجائے قبلہ اول کے تحفظ کے لیے کوششیں کریں اور فلسطینی تحریک مزاحمت کے سلسلے میں امریکہ اسرائیل گٹھ جوڑ کا حصہ بننے کے بجائے مزاحمت کے ہاتھ مضبوط کریں۔ حماس کے راہنما نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے حواری ماضی میں بھی فلسطینی مزاحمت کو کچلنے کے لیے سرتوڑ کوششیں کرتے رہے ہیں، طاقت کے استعمال اور مجاہدین کی ٹارگٹ کلنگ کے باوجود تحریک آزادی کی شمع کو بجھایا نہیں جا سکا۔ آئندہ بھی ایسی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔