اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے پولٹ بیورو کےسربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ مزاحمت کے بغیر القدس کی آزادی خارج از امکان ہے۔القدس کے بغیر فلسطین کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے اسرائیل کو خبردار کیا کہ وہ ہزاروں حساب چکانے کے لئے تیار رہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوتھی القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا اہتمام مسلمان علماء کے بین الاقوامی اتحاد نے قطر کے دارلحکومت دوحہ میں کیا تھا۔ پروگرام میں فلسطین، قطر، عرب اور اسلامی دنیا کی نمائندہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اپنے خطاب میں خالد مشعل نے کہا کہ بین الاقوامی سازشوں اور شکست خوردہ آپسنز پیش کر کے اسرائیل فلسطین اور القدس سے کھلواڑ کر رہا ہے۔ ان سازشوں کے جلو میں وہ القدس کی تاریخی شناخت مٹانے کے درپے ہے۔ ایسے میں فلسطینی، عرب، ملسمانوں اور عیسائیوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ القدس اور فلسطین کی آزادی یقینی بنانے کے طریقوں پر غور کریں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے خالد مشعل نے کہا کہ اسرائیل نے ہم سے القدس بندوق کے زور پر چھینا۔ ہم بھی اسے طاقت کے بغیر واپس نہیں لے سکتے۔ اس لئے آج ہمیں اپنی کوشش کو کامیاب بنانے کے لئے زیادہ اتحاد اور پوری دنیا کو اپنے ساتھ مل کر القدس کی یہودی قبضے سے آزادی کی جدوجہد منظم کرنے کی ضرورت ہے۔
خالد مشعل نےالقدس کی یہودی قبضے سے آزادی کی جدوجہد کرنے والی شخصیات الشیخ رائد الصلاح سمیت ہزاروں فلسطینیوں کو خراج تحسین پیش کیا کہ جو القدس کی محبت میں صہیونی مظالم خندہ پیشانی سے برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر سرکردہ فلسطینی عالم دین اور خطیب مسجد الاقصی علامہ بیتاوی کے سانحہ ارتحال پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے لیے سرگرم ڈاکٹر علامہ یوسف القرضاوی کی صحت اور درازی عمر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی شخصیات کا دم ہمارے لئے غنیمت ہے۔
حماس کے مرکزی رہ نما نے مسئلہ فلسطین کے حل کی خاطر مسلمانوں اور بالخصوص فلسطینی جماعتوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی صفوں میں انتشار کی وجہ سے کبھی القدس کو صہیونی قبضے سے آزاد نہیں کرا سکیں گے۔ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سب کی رہائی ہمارا اولین فرض ہے۔
اپنی تقریر کے آخر میں انہوں نے حماس کی صفوں میں انتشار کی خبروں کی دوٹوک الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تحریک مزاحمت متحد ہے اور اسے تقسیم کرنے کی سازشیں ناکامی سے دوچار ہوں گی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین۔