غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے محمد اشتیہ کی حکومت کو قومی اجماع سے خارج قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اشتیہ کی حکومت کو کوئی سیاسی، تزویراتی، قومی اور اقتصادی تحفظ حاصل نہیں ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’’الغد‘‘ چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ رام اللہ میں سیاسی جوڑ توڑ قومی وحدت کے خلاف اور قومی مصالحت کے مفادات کے خلاف ہے۔
خیال رہے کہ محمد اشتیہ کی حکومت کو حماس اور اسلامی جہاد نے مسترد کر دیا ہے۔ محمد اشتیہ کی نام نہاد حکومت کو صدر محمود عباس کی حمایت حاصل ہے اور فلسطینی سیاسی قوتیں اشتیہ کی حکومت کو قومی مفادات کے خلاف قرار دیتی ہیں۔
خیال رہے کہ چند ہفتے قبل فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے ملک میں ایک نئی حکومت کی تشکیل کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے نئی مخلوط حکومت کے لیے اپنے قریبی ساتھی محمد اشتیہ کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی تھی۔
اسماعیل ھنیہ نے جمعہ کے روز بیت لاھیا میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ غزہ کےعوام حق واپسی مظاہروں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حق واپسی اور غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کی تحریک جاری رکھی جائے گی۔