(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) لبنان میں اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے مندوب علی برکہ نے ہفتے کے روز فلسطینی عوامی بیداری محاذ کے سینیر رکن ابو عدی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور فلسطین کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں میں ہونے والی ملاقات میں فلسطین کی اندرونی صورت حال، بیت المقدس اور غرب اردن میں جاری تحریک انتفاضہ القدس، غزہ کی پٹی میں اسرائیلی کی ناکہ بندی، فلسیطینوں کے خلاف اسرائیل کی منظم ریاستی دہشت گردی اور لبنان میں مقیم فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے فلسطین میں سیاسی جماعتوں میں پائے جانے والے اختلافات ختم کرنے اور جلد از جلد قومی مفاہمت کی منزل کے حصول پر زور دیا۔ بعد ازاں میڈیا کو جاری ایک بیان میں دونوں رہنماؤں نے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی مسلط کردہ معاشی پابندیوں کے اٹھائے جانے اور بیرون ملک مقیم فلسطینی پناہ گزینوں کو ہرقسم کی سہولیات مہیا کرنے کا مطالبہ کیا۔
