(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس کے وفد نے بیروت میں متعین وینزویلا کے سفیرسے ملاقات کی ، ملاقات میں "صدی کی ڈیل”سمیت قابض ریاست کی جارحیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز لبنان میں حماس کے مندوب احمد عبدالھادی نے وفدکے ہمراہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں وینزویلا کے سفیر خیسوس گریگوریو سے بیروت میں وینز ویلا کے سفارت خانے میں ملاقات کی ، وفد میں حماس کے تعلقات عامہ کے انچار مشہور عبدالحلیم، شعبہ اطلاعات کے انچار عبدالمجید عوض اور دیگر رہ نما شامل تھے ۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور فلسطین سمیت خطے کی تازہ ترین صورت حال سمیت امریکی صدر کی جانب سے پیش کردہ نام نہاد امن منصوبے اور خطے پر اس کے اثرات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقعے پر احمد عبدالھادی نے وینز ویلا کے سفیر کو فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی، امریکا کے مشرق وسطیٰ کے لیے سازشی منصوبے سنچری ڈیل اور غزہ پر اسرائیل کی حالیہ جارحیت پر بریفنگ دی جبکہ وینز ویلا کے سفیرنے فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔