(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے سینئر رکن کا کہنا ہے کہ دونوں فلسطینی جماعتوں حماس اور فتح کا فلسطین میں پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کےشیڈول پر اتفاق اہم پیشرفت ہے۔
فلسطینی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن حسام بدران نے کہا ہے کہ ان کی جماعت فلسطین میں قومی شراکت کے اصول کے تحت آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی خواہاں ہے، اس وقت قضیہ فلسطین اپنی تاریخ کے خطرناک دور سے گذر رہا ہے اور حقیقی معنوں میں قضیہ فلسطین کا وجود مٹایا جا رہا ہے ایسے میں فلسطین کی تمام سیاسی قوتوں کےدرمیان مصالحت اور آزادانہ انتخابات کی ضرورت ہے تاکہ فلسطین کی ایک نئی قیادت کو زمام کار سونپی جاسکے۔
حسام بدران نے کہا کہ حماس اور فتح نے انقرہ میں تین روز تک جاری رہنے والے مذاکرات میں قومی سیاسی شراکت کے اصول کے مطابق مصالحتی عمل بڑھایا ہے، دونوں جماعتوں کا فلسطین میں پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کےشیڈول پر اتفاق اہم پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت فلسطینی قوم کی مضبوطی کی خشت اول اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے والی چٹان فلسطینیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل حماس اور فتح نے استنبول میں مصالحتی مذاکرات میں چھ ماہ کے دوران پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے وفود بدستورترکی میں موجود ہیں جہاں وہ مصالحتی بات چیت کو مزید آگے بڑھا رہےہیں۔