(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس کا کہنا ہے کہ جب تک کہ قبلہ اول ناپاک غاصب صہیونیوں کے قبضے سے آزاد نہیں ہوجاتاہماری جنگ آزادی جاری رہے گی۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی ریاستی دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے یوم اسیران کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی ناپاک صہیونیوں کے قبضے سے آزادی کی جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ قبلہ اول غاصب صہیونیوں کے پنجوں سے آزاد نہیں ہوجاتا۔
فوزی برھوم نےبیت المقدس کے فلسطینی باشندوں کی قبلہ اول کے دفاع کے لیے قربانیوں اور خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ القدس کے فلسطینی باشندے مسجد اقصیٰ کے دفاع میں قابض دشمن کے بدترین تشدد اور اذیتوں کا سامنا کررہے ہیں مگر دشمن کی تمام ظالمانہ کارروائیوں کے باوجود وہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے دفاع کے مطالبے پر ثابت قدم ہیں۔
انہوںنے مزید کہا کہ بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں کی خدمات اور ان کی ثابت قدمی پر انہیں خراج تحسین پیش کرنا چاہیے کہ انہوںنے قبلہ اول کے دفاع کے لیے خود کو وقف کررکھا ہے اور وہ قابض دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کرمقدسات کے دفاع کی جنگ لڑرہے ہیں۔