(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ نے اپنے بانی رہنما اور فلسطینی قوم کے روحانی پیشوا شیخ احمد یاسین شہید کی خدمات کو ایک بار پھرشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو ہرقیمت پرآگے بڑھانے کےعزم کا اعادہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے مرکزی رہنما الشیخ اسماعیل رضوان نے کہا ہے کہ شیخ احمد یاسین شہید پوری فلسطینی قوم کے لیے ایک نمونہ عمل ہیں۔ انہوں نے وطن کی آزادی کے لیے جو راستہ متعین کیا ہے حماس اس راستے پرآزادی کی منزل کےحصول تک چلتی رہے گی۔رپورٹ کے مطابق حماس رہنما نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی میں شیخ احمد یاسین شہید کی 12 برسی کے حوالے سے القسام بریگیڈ کے زیراہتمام منعقدہ ایک فوجی پریڈ کے دوران خطاب میں کہی۔ فوجی پریڈ کا اہتمام غزہ کی پٹی میں الصبرہ کالونی میں شیخ احمد یاسین شہید کی رہائش گاہ کے باہر منعقد کی گئی تھی۔
اس موقع پر حماس کے قایدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے چپے چپے کی آزادی تک جدو جہد جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حماس اور القسام اسرائیل کے لیے ناقابل شکست ہوچکے ہیں۔ صہیونی دشمن یہ بھول جائے کہ وہ حماس اور القسام مجاھدین کو ختم کردے گا۔ فلسطینی قوم شیخ احمد یاسین شہید کے مشن پر چلتے ہوئے مقدسات اسلامی کے دفاع اور وطن عزیز کی ایک ایک انچ کی غاصب دشمن سے آزادی تک مسلح جدو جہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ احمد یاسین شہید نے پوری قوم کو مزاحمت اور سعادت کی زندگی کی تلقین کرتے ہوئے شہادت کی آرزو کا راستہ بتایا ہے۔ فلسطینی قوم اپنے روحانی پیشوا کی تعلیمات پرعمل کرتے ہوئے آزادی کے لیے تن من دھن قربان کرنے کے لیے تیار ہے۔
