فلسطینی شہرغزہ کی پٹی پر قابض اسرائیلی فوج کے بدھ کی شام دہشت گردی کی ایک کارروائی میں حماس کے ملٹری کمانڈر احمد الجعبری کی شہادت کے بعد مزاحمت کاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی
تنصیبات پر درجنوں راکٹ داغے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کے راکٹوں سے پہلی مرتبہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ تنظیم کے جانثاروں نے اپنے مجاہد کمانڈر کی صہیونی فوج کے فضائی حملے میں شہادت کے بعد اسرائیلی تنصیبات پر درجنوں راکٹ حملے کیے ہیں۔ پہلی مرتبہ مجاہدین کے راکٹ حملے براہ راست اسرائیل دارالحکومت تل ابیب میں گرے ہیں۔ جہاں عینی شاہدین نے آگ کے شعلے اٹھتے دیکھتے ہیں۔
القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری بیان میں اپنے مجاہد کمانڈر کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا گیا اور کہا ہے کہ مجاہدین اپنی جانوں پر کھیل کراسرائیلی دشمن کو یہ بتائیں گے کہ آیا اسے الجعبری کی شہادت کی کیا قیمت چکانا پڑتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ الجعبری سمیت تمام فلسطینیوں کے قتل کابدلہ لیا جائے گا۔ تنظیم نے دیگر تمام عسکری گروپوں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ صہیونی جارحیت کے خلاف متحد ہوجائیں اور مل کر قابض فوج پر حملے کریں۔