غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے کہا ہے کہ اسرائیلی دشمن نے قبلہ اوّل اور اس کے تاریخی دروازے’’باب رحمت‘‘ پرقبضہ جمانے کی مذموم کوشش کی تھی مگر فلسطینی قوم کے عزم استقلال کے سامنے صیہونی دشمن بری طرح ناکام ہوا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائیگی کرنے والے فلسطینیوں کو گرفتاری سمیت دیگر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں مگر فلسطینی قوم نے اپنے عزم اسقلال سے ثابت کیا ہے کہ مسجد اقصیٰ ان کے لیے ’’سرخ لکیر‘‘ ہے۔ اسرائیلی قبلہ اوّل کے خلاف اپنی سازشوں اور مذموم ریشہ دوانیوں کو آگے نہیں بڑھا سکتے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز ہزاروں فلسطینی اسرائیلی فوج کی کھڑی کردہ رکاوٹیں توڑ کرقبلہ اوّل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ فلسطینیوں کا قبلہ اوّل میں یہ عظیم الشان جم غفیر اسرائیل کی ناکامی اور فلسطینیوں کی کامیابی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم نے قبلہ اوّل کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے بیداری کا ثبوت دیا ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ دشمن قبلہ اوّل کو نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوسکتا اور فلسطینی قبلہ اوّل کو یہودیوں کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑیں گے۔
حماس نے فلسطین کی دینی قوتوں کے قبلہ اوّل کے دفاع کے حوالے سے کردار کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فلسطینی قوم مسجد اقصٰی اور القدس کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے سیسہ پلائی دیوار ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے باب رحمت سمیت کسی بھی مقام پر صیہونیوں کو اپنا مذہبی حق جتلانے کا کوائی جواز نہیں۔ یہ مقام صرف مسلمانوں کے لیے مختص ہے۔