غزہ(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے فلسطینی جامعات کے طلباء وطالبات کو خوف زدہ کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کے لیے گرفتار کیے گئے طلباء کی تصاویر جگہ جگہ پوسٹ کی ہیں۔ ان فلسطینی طلباء کو اپنے شناختی کارڈ ہاتھوں میں اُٹھائے دیکھا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب فلسطینی سیاسی اور عوامی حلقوں نے اسرائیلی فوج کے اس حربے کو طلباء کو خوف زدہ کرنے کا مکروہ ہتھکنڈہ قرار دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے مرکزی رہنما اور رکن پارلیمنٹ حسن یوسف نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج فلسطینی طلباء کو ہراساں کرنے کےلیے ان کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کررہی ہے۔ گرفتار فلسطینی طلباء کی تصاویر اور ان کے حوالے سے پوسٹر چسپاں کرنا اسرائیلی فوج کی مایوسی اور بوکھلاہٹ کا کھلا ثبوت ہے۔ اس سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ اسرائیلی فوج فلسطینی طلباء کے خلاف طاقت کے دیگر حربے استعمال کرنےمیں بری طرح ناکام ہے۔ اس لیے طلباء کو دباؤ میں لانے اور انہیں خوف زدہ کرنے کے لیے گرفتار طالب علموں کی تصاویر گلی محلوں میں پھیلائی جا رہی ہیں۔
الشیخ حسن یوسف کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج چاہے جتنے مرضی حربے استعمال کرے مگر وہ طلباء کو تحریک آزادی فلسطین کے لیے اپنی ذمہ داریوں سےدور نہیں کرسکتی۔ یہ تمام چالیں اور مہرے صیہونی دشمن کو الٹے گلے پڑیں گے۔