مغربی کنارے کی فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز نے اسرائیلی فوج کے ساتھ سکیورٹی تعاون جاری رکھتے ہوئے اپنی سیاسی حریف جماعت حماس کے مزید تین کارکنوں کو اغوا کر لیا ہے۔
بیت لحم اور الخلیل سے تین افراد کو گرفتار کرنے کے علاوہ اتھارٹی فورسز نے نابلس میں بھی چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔
بیت لحم میں عباس ملیشیا نے سابق اسیر ایاد عبیدات کے گھر پر دھاوا بولا اور ان کے عمر رسیدہ باپ الحاج موسی عبیدات کو گرفتار کر لیا، قبل ازیں اسرائیل نے الحاج موسی عببدات کو اردن جانے سے روک دیا تھا۔
اتھارٹی فورسز نے زعترہ نامی گاؤں میں بھی ایسی ہی ایک کارروائی کر کے اکیس سالہ صائب وحش کو گرفتار کر لیا، وحش اس سے قبل اسرائیلی جیل میں 15 سال گزار چکے ہیں۔ عباس ملیشیا نے الخلیل میں اپنے مظالم جاری رکھتے ہوئے اکیس سالہ محمود الھور کو ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔ یاد رہے کہ عباس ملیشیا نے اس سے قبل بھی الھور کو 33 سالہ عقوبت خانوں میں رکھا ہے۔ نابلس میں بھی اتھارٹی فورسز نے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین