اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم کے نوجوانوں پر پوری مسلم امہ اور زندہ ضمیر دنیا کو بجا طورپر فخرکرنا چاہیے کیونکہ فلسطینی قوم نے اپنا خون پیش کرکے مسجد اقصیٰ کی تقسیم کی صہیونی سازشیں ناکام بنا دی ہیں۔
ایک ویڈیو پیغام میں خالد مشعل نے کہا کہ فلسطینی نوجوان بچے اور بچیاں دفاع قبلہ اوّل کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔ ان کی قربانیوں پر مسلم امہ کو بجا طور فخر ہونا چاہیے۔خالد مشعل نے ویڈٰیو پیغام میں بتایا کہ ان کے ملائیشیا کے چار روزہ دورے کے دوران وزیراعظم ڈاکٹر نجیب عبدالرزاق، حکمراں جماعت ’’آمنو‘‘ کے رہنمائوں اور ملائیشیا کی اسلامک مومنٹ’’باس‘‘ کے سربراہ ڈاکٹر عبد الھادی اونگ سمیت کئی اہم حکومتی اور سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ملائیشیا کی سیاسی قیادت اور عوام میں فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی کے گہرے جذبات موجود ہیں۔
خالد مشعل نے بتایا کہ ان کی ملائیشیا میں موجود فلسطینی اورعرب کمیونٹی سے بھی تفصیلی ملاقاتیں ہوئیں۔ حماس کےوفد نے ملائیشیا کی قیادت ،عوام اور وہاں موجود فلسطینی کمیونٹی کو فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، مسجد اقصیٰ کی تقسیم کی صہیونی سازشوں اور انتفاضہ القدس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
حماس رہ نما نے کہا کہ فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ نےمسجد اقصیٰ کی تقسیم کی صہیونیوں سازشوں کو ناکامی سے دوچار کیا ہے۔ فلسطین کے مغربی کنارے، بیت المقدس، سنہ 1948 ء کےدوران صہیونی فوج کے قبضے میں چلے گئے فلسطینی علاقوں اور غزہ کی پٹی کے شہرویوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر قبلہ اوّل کی تقسیم کی سازش ناکام بنا دی ہے۔