فلسطینی اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے رکن عزام احمد سے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں فلسطینیوں کے مابین مفاہمت کا عمل آگے بڑھانے کےسلسلے میں بات چیت کی گئی۔ حماس کے وفد نے قاہرہ میں سوئٹرزلینڈ کے مندوب برائے مشرق وسطیٰ کی سربراہی میں آنے والے وفد سے بھی ملاقات کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فتح کے رہ نما اور مفاہمتی معاملات کے لیے جاری مذاکرات کے نگران عزام احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خالد مشعل سمیت حماس کی دیگر قیادت سے مزید ملاقاتیں کریں گے جبکہ صدر محمود عباس اور خالد مشعل کے درمیان ملاقات آئندہ ماہ فروری کے شروع میں ہو گی۔
بعد ازاں فلسطینی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مفاہمت کا عمل آگے بڑھانے کے لیے مصر کا ایک سیکیورٹٰ وفد جلد غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کا دورہ ے گا جو فلسطینیوں کے مابین مفاہمت کو آگے بڑھانے اور اسے عملی شکل دینے کے لیے حالات کا جائزہ لے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مصری سیکیورٹی وفد کا دورہ کل بیس جنوری کو طے کیا گیا تھا تاہم بعض وجوہ کی بنا پر اسے موخر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حماس کے سیاسی شعبے کےسربراہ خالد مشعل منگل کو سوٓئس حکومت کے مندوب برائے مشرق وسطیٰ کے ہمراہ قاہرہ پہنچے تھے، جہاں بدھ کو انہوں نے فتح کی قیادت سے بھی بات چیت کی۔ سوئس حکومت کے سرکاری وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران حماس کے لیڈر نے مسئلہ فلسطین کے بارے میں اپنی جماعت کے موقف سے آگاہ کیا۔