(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سعودی عرب میں قید فلسطینی رہنماکی تشویشناک حالت کے باوجودحکومت کی جانب سے رہائی سے انکار پر غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں ہزاروں افراد نے سعودی عرب کی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی بےجا گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیئے ، مظاہرین نے کینسر کے باعث انتہائی تشویشناک حالت میں قید اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے 83 سالہ بزرگ رہ نمائوڈاکٹر محمد الخضری اور ان کے بیٹے انجینیر ہانی الخضری کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سعودی فرمانرا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ڈاکٹر محمد الخضری اور ھانی الخضری سمیت زیرحراست دیگر تمام فلسطینی رہ نماؤں کو فوری طور پر رہا کرے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر محمد الخضری اور دیگر رہ نما اپریل 2019ء سے اسرائیل کی جانب سے حماس رہنماؤں کے خلاف کارروائی کے مطالبے پر سعودی عرب کی جیلوں میں پابند سلاسل ہیں جہاں رہ نماؤں بالخصوص محمد الخضری سرطان سمیت کئی دوسرے امراض کا شکار ہیں جس کے نتیجے میں ان کی زندگی خطرے میں ہے۔