فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تنظیم ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے قضیہ فلسطین کوختم کرنے کی امریکی ۔ صہیونی سازشی منصوبے صدی کی ڈیل اور اس حوالے سے بحرین میں ہونے والی نام نہاد اقتصادی کانفرنس کومستردکرنے پر لبنان سے اظہارتشکرکیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لبنان میں حماس کے مندوب احمد عبدالھادی نے ایک بیان میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھینیہ کے حوالے سے بتایا کہ لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے صدی کی ڈیل کے امریکی منصوبے کو مسترد کرنے اور مناما کانفرنس کے بائیکاٹ پر لبنانی قیادت کے جرات مندانہ موقف کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا، انھوں نے کہا کہ صدی کی ڈیل اورمناما کانفرنس فلسطینی قوم کے حقوق کےخلاف سازشوں کا تسلسل ہیں۔
لبنان میں حماس کے مندوب کا کہنا تھا کہ فلسطین ۔ لبنان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے مثبت کوششیں جاری ہیں توقع ہے کہ دونوں ملکوںکی قیادت لبنان میں موجود فلسطینی پناہ گزینوں کے انسانی،سماجی اور اقتصادی حقوق کے لیے بات چیت کا جلد آغاز کرے گی۔
خیال رہے کہ 25 اور 26 جون کو مناما میں ہونے والی اقتصادی کانفرنس میں بعض عرب ممالک نے شرکت کی تھی تاہم لبنان نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔