مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں رام اللہ کے قریب گذشتہ روز اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے فلسطینی کی آج اسپتال میں شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور شہید لیث فضل الخالدی کی شہادت کو صہیونی فوج کا جنگی جرم قراردیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جس طرح ایک شیر خوار کی انتہا پسند یہودی دہشت گردوں کے حملے میں شہادت وحشیانہ دہشت گردی ہے، اسی طرح صہیونی درندہ صفت فوج کی فائرنگ سے سترہ سالہ لیث فضل الخالدی کی شہادت بھی سنگین جرم اور وحشیانہ دہشت گردی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس اور فلسطین کی تمام زندہ ضمیر مزاحمتی قوتیں فلسطینی شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گی اور دشمن کو نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ حماس کا کہنا تھا کہ صہیونی ریاست کی بزدل افواج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کےقتل عام پرخاموشی کا کوئی جواز نہیں ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے فلسطینیوں کے قتل عام پرمجرمانہ خاموشی صہیونی ریاست کو جنگی جرائم جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز اسرائیلی فوجیوں نے رام اللہ کے قریب ایک چیک پوسٹ پر فلسطینی نوجوان لیث فضل الخالدلی کو گولیاں مار دی تھیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔ شدید زخمی ہونے کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں آج ہفتےکے روز وہ جام شہادت نوش کرگیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
