فلسطین میں اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] اور ‘فتح’ کے درمیان مصالحتی معاہدے کی دنیا بھر سے تحسین کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے فلسطینی وزیرِاعظم اسماعیل ھنیہ کو فون پر حماس اور فتح کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مصالحتی معاہدے کی مبارک باد دی۔
اسماعیل ھنیہ نے فلسطینیوں کے درمیان اختلافات ختم کرانے کے سلسلے میں سابق امریکی صدرکی ماضی میں کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کارٹر سے درخواست کی کہ وہ مصالحتی معاہدے کی بقا کیلئے کلیدی کردار ادا کریں ۔اس کے ساتھ انہوں نے مستقبل قریب میں ہونے والے فلسطینی انتخابات پر نظر رکھنے کیلئے کارٹر سینٹر کی خدمات کی بھی درخواست کی۔
سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے فلسطین کے دونوں اہم سیاسی دھڑوں کے مابین امن معاہدہ ہونے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم اسماعیل ھنیہ کے سیاسی فہم و فراست اور دلیری کی بھی داد دی۔
کارٹر نے وعدہ کیا کہ وہ تمام متعلقہ پارٹیوں کے ساتھ اس معاہدے کو بھرپور انداز سے نبھانے اور اس کے لیے ہر قسم کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے انتخاب کی مانیڑنگ کیلئے بھی اپنی خدمات پیش کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین