مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق کل منگل کو غزہ کی پٹی میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران فتح کے مذاکرات کار عزام الاحمد نے بتایا کہ حماس اور الفتح نے قومی حکومت کے سربراہ اور دیگر وزارتوں پر اتفاق کرلیا ہے۔ تمام وزارتوں کے لیے ناموں کے چناؤ کا عمل مکمل ہونے کے بعد فہرست صدر محمود عباس کو ارسال کردی گئی ہے جو حتمی منظوری کے بعد جمعرات کو قومی عبوری حکومت کا اعلان کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں عزام الاحمد نے کہا کہ صدر عباس دیگر فلسطینی سیاسی جماعتوں سے بھی بات چیت کا سلسلہ جار رکھے ہوئے ہیں۔ آج بدھ کی شام تک تمام مشاورت مکمل ہوجائے گی جس کے بعد کل جمعرات کو قومی حکومت کی تشکیل کا اعلان کردیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی حکومت میں تمام نمائندہ فلسطینی دھڑوں کو شامل کیا گیا ہے لیکن ان میں زیادہ تر وزارتیں حماس اور الفتح ہی کے پاس ہیں۔ عزام احمد کا کہنا تھا کہ انتشار اور بے اتفاقی کا باب بند ہونے کے بعد اب اسے کسی صورت میں نہیں کھولا جا سکتا۔ فلسطینیوں کے پاس قومی مفاہمت کے سوا اب کوئی چارہ باقی نہیں رہا ہے۔
اس موقع پر حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے قومی مفاہمت کے تحت تشکیل پانے والی عبوری حکومت کو فلسطینیوں کی فتح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج فلسطینی سیاسی جماعتوں نے انتشار اور بے اتفاقی کو دفن کردیا ہے۔ قومی حکومت کی تشکیل کا اعلان تاریخ فلسطین کا ایک نیا باب ہے۔
