اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے جلا وطن لیڈر خالد مشعل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ترک وزیرخارجہ احمد داؤد اوگلو سے ملاقات کی ہے۔
دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مسئلہ فلسطین سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خالد مشعل اور ترک وزیرخارجہ کی ملاقات کو قطری ذرائع ابلاغ میں بڑے پیمانے پر کوریج دی گئی ہے۔
ادھر ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی "اناضول” نے ہفتے کے روز اپنی رپورٹ میں بتایا کہ احمد داؤد اوگلو اور خالد مشعل کے درمیان ہونے والی بات چیت میں صہیونی ریاست کے مظالم اور فلسطینیوں کے حقوق کے لیے جاری جدو جہد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ فلسطینیوں کے درمیان اتحاد اور مفاہمت کے لیے کی جانے والی کوششوں اور اس میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
درایں اثناء قطر کی سرکاری خبررساں ایجنسی "قنا” کی رپورٹ کے مطابق ترک وزیرخارجہ وزیراعظم رجب طیب ایردوآن کے ہمراہ دوحہ میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام ہونے والی فروغ تجارت کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ اس دوران انہوں نےحماس کے لیڈر خالد مشعل سے بھی ملاقات کی۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق دونوں رہ نماؤں کے درمیان ملاقات پہلے سے طے نہیں تھی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین