اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے پولیٹ بیورو خالد مشعل نے دوحہ میں امیر قطر شیخ حمدبن خلیفہ آل ثانی سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں اسرائیل کی جیلوں میں بھوک ہڑتالی فلسطینی اسیران کے مسائل اور فلسطینی سمیت مجموعی علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کو علی الصباح خالد مشعل کی قیادت میں حماس کے اعلیٰ سطحی وفد نے شاہی مغل میں شیخ خلیفہ بن حمد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر حماس کی قیادت نے فلسطینی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کے سلسلے میں ہونے والی بات چیت اور اس میں پیشرفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
ملاقات کے بعد مرکزاطلاعات فلسطین سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت رشق نے کہا کہ خالد مشعل نے امیر قطر کے ساتھ بات چیت میں فلسطینی کی تازہ صورتحال پر بات چیت کی خاص طور سے حماس اور فتح کے درمیان مفاہمت کے ضمن میں ہونے والی مساعی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حماس رہ نما کا کہنا تھا کہ خالد مشعل کے ساتھ بات چیت کے دوران امیر قطر نے فلسطینیوں کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسرائیلی جیلوں میں اپنے حقوق کی جنگ لڑنے والے بھوک ہڑتالی فلسطینی اسیران سے بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ فلسطینی اسیران کے مسائل کو عالمی فورمز پر اٹھانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔
ملاقات کےدوران امیر قطر نےعرب ممالک اور مسلم امہ سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتالی فلسطینی اسیران کے مطالبات منوانے کے لیے اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین