(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے لبنان میں متعین ایرانی سفیر محمد جلال فیروزنیا سے ملاقات کی۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حماس کے وفد اور ایرانی سفیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں فلسطین کی عمومی صورتحال، خاص طور پر امریکا کے نام نہاد امن منصوبے ‘صدی کی ڈیل’ فلسطینیوں کے خلاف امریکی صہیونی سازشوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وفود نے مسئلہ فلسطین سے متعلق تازہ ترین سیاسی پیشرفت کا جائزہ لیا، لبنان میں "حماس” کے نمائندے "احمد عبدل الہادی” نے کہا کہ ان کی جماعت فلسطینی عوام کے حقوق کی پاسداری کی جنگ جاری رکھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حماس امریکا کے نام نہاد امن منصوبے صدی کی ڈیل کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔احمد عبدالھادی کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق بالخصوص حق واپسی کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی۔