(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) حماس کی جانب سے قطر میں اپنی ذمہ داروں سے سبکدوش ہونے والے ایرانی سفیر کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایران کی جانب سے فلسطین کی حمایت پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی مظالم کے خلا ف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے والے ایرانی سفیر علی سبحانی کے اعزاز میں حماس کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ،تقریب میں حماس کے سابق سربراہ خالد مشعل، جماعت کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن موسیٰ ابومرزوق اور سامی خاطر نے ایرانی سفیر کو مسجد اقصیٰ اور حرم قدسی کی تصویر پر مبنی ایک پینٹنگ بھی تحفے میں دی جبکہ فلسطین کے حوالے سے ایرانی حمایت کو سراہا ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت ایرانی سفیر کی حماس اور ایران کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے خدمات اور ان کے فلسطینیوں کی حمایت پر مبنی اصولی موقف انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔دوسری طرف ایرانی سفیر نے اپنے اعزاز میں تقریب یے انعقاد پر حماس کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اردن، شام، بیروت اور دوحا میں سفارتی خدمات کی انجام دہی کے دوران ان کے حماس کے ساتھ بہت اچھے تعلقات رہے ہیں۔