غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی تنظیم حماس نے ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم کا درجہ دینے سے متعلق امریکی فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل کے روز جاری ایک بیان میں حماس نے کہا کہ امریکی فیصلے کا ایک ہی مقصد نظر آ تا ہے اور وہ یہ کہ ’’ثابت قدمی اور استقامت کی جد و جہد کو نشانہ بنایا جائے‘‘۔ تنظیم کے مطابق امریکی فیصلے سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ یہ (ٹرمپ) انتظامیہ اسرائیلی مفادات کی خاطر متحرک ہے۔
حماس کا موقف ترکی اور قطر کے مواقف سے مطابقت رکھتا ہے جنہوں نے ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیموں کی امریکی فہرست میں شامل کیے جانے کے حوالے سے امریکی صدر کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔
واشنگٹن نے پیر کے روز ایرانی پاسداران انقلاب کا نام غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں درج کرنے کا سرکاری طور پر اعلان کیا تھا۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کو ایک دہشت گرد تنظیم کا درجہ دینے سے امریکیوں کی جانوں کو تحفظ ملے گا اور مشرق وسطیٰ میں زیادہ امن و استحکام پیدا ہو گا۔ امریکی نیٹ ورک فوکس نیوز سے گفتگو میں انہوں نے زور دیا کہ ’’ایرانی پاسداران انقلاب کو کمزور کیے بغیر مشرق وسطیٰ میں سلامتی ، امن اور استحکام کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا‘‘۔