(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ نے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں جمعرات کے روز ہونے والے دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان اور جماعت کےسیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حماس مشکل کی اس گھڑی میں انڈونیشیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں مارے جانے والے شہریوں کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔عزت الرشق کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا میں دہشت گردی کے مرتکب عناصر پوری مسلم امہ کے دشمن ہیں۔ حماس انڈونیشیا کے امن واستحکام کی خواہاں ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کے روز انڈونیشیا کے صدر مقام جکارتا میں فائرنگ اور بم دھماکوں میں کم سے کم چھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ یہ دھماکے دارالحکومت جکارتا میں ایک ریستوران میں ہوئے جہاں کچھ ہی فاصلے پر اقوام متحدہ کا علاقائی دفتر بھی قائم ہے۔