(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کا کہنا ہے کہ نہتے فلسطنیوں کے خلاف نسل پرست قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات پر عالمی برادری کی خاموشی بھی جرم اور قاصب ریاست کی حوصلہ افزائی ہے ۔
مقبوضہ فلسطین میں نسل پرست قابض ریاست کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے ترجمان فوزی برھوم نے صیہونی زندانوں میں انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کے خلاف مجرمانہ صہیونی برتاؤ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی اسرائیلی جیلوں میں طویل بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینیوں کے معاملے میں پالیسی پرخاموشی بھی ایک جرم ہے جو صہیونی ریاست کے جرائم کی حوصلہ افزائی کا سبب بن رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ صہیونی جیلوں میں اپنے جائز حقوق کے حصول اور جرائم کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال کرنےوالے نصف درجن اسیران کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ صہیونی ریاست ان اسیران کے معاملے میں مجرمانہ لاپراہی اور غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے۔حماس کے ترجمان نے فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کے معاملے پرعالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ عالمی اداروں کی خاموشی نے صہیونی ریاست کے جرائم میں مزید اضافہ کیا ہے۔خیال رہے کہ اسرائیلی عقوبت خانوں میں نصف درجن کے قریب فلسطینی انتظامی قید کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔