(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ‘‘حماس’’ نے وینز ویلا کی حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی پر عائد اسرائیلی پابندیوں کے خاتمے کے لیے جانے والی مساعی کا خیر مقدم کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ وینز ویلا کے سلامتی کونسل میں مستقل مندوب ‘‘رفائیل رامیریز’’ نے کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غزہ ک پٹی پرعائد اسرائیلی پابندیاں ختم کرنے اور سلامتی کونسل کا وفد غزہ بھجوانے کا مطالبہ کیا ہے، حماس وینز ویلا کے مندوب کے اس مطالبے کا خیرمقدم کرتی ہے۔حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کے وفد کا دورہ غزہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وینز ویلا کے مندوب نے سلامتی کونسل میں بر محل مطالبہ کیا ہے۔ اس مطالبے کے بعد کونسل کو جلد از جلد اپنا ایک نمائندہ وفد غزہ بھیجنے کا اعلان کرنا چاہیے تاکہ وہ خود موقع پر پہنچ کر اسرائیل کے ظالمانہ محاصرے کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکے۔
حماس نے وینز ویلا کی جانب سے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کا مطالبہ کرنے اور فلسطینی قوم کے سلب شدہ حقوق کی بحالی کا مطالبہ کرنے پر وینز ویلا کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
