حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی رہائشیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ کو یہودیوں کی بے حرمتی سے بچانے کے لئے منگل کے روز ریلی کا اہتمام کریں۔
الجزیرہ ٹی وی چینل کو دئیے جانے والے ایک انٹرویو میں مشعل نے حریف جماعت الفتح، فلسطینی اتھارٹی اور سیاسی جماعتوں کو یہ پیغام بھیجا ہے کہ وہ آپس کی لڑائیوں کو پرے رکھ کر ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوجائیں اور بیت المقدس کو اپنے تمام معاملات میں سب سے اوپر رکھیں۔
خالد مشعل نے بیت المقدس اور مسجد اقصٰی کی حفاظت کے لئے شیخ رائد صلاح کی جانب سے کی جانے والی تمام کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر حماس رہنما نے یہ کہا کہ فلسطینی بیت المقدس اور مسجد اقصٰی کو صرف مسلح مزاحمت ہی کے ذریعے سے واپس لے سکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر صلاح الدین الایوبی کی مثال دی جنہوں نے فوجی طاقت کے ذریعے سے بیت المقدس کو آزاد کروایا تھا۔
انہوں نے عرب لیگ اور اسلامی کانفرس کی تنظیم سے کہا کہ وہ بیت المقدس اور مسجد اقصٰی کے لئے فوری طور پر میٹنگ کا اہتمام کرے اور فنڈز فراہم کرے تاکہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کا سامنا کرسکیں۔
خالد مشعل کا کہنا تھا کہ،”میں امہ کو خبردار کرتا ہوں کہ اگر وہ مسجد اقصیٰ کے تحفظ کی خاطر کھڑی نہ ہوئی تو ہم اسے کھو دیں گے کیوںکہ اسے صیہونی طاقتوں کی جانب سے تقسیم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔”
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین