(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے اس بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں انہوں نے غزہ کی پٹی میں دفاع کے لیے کھودی گئی سرنگوں کو’’دہشت ناک‘‘ قرار دی تھا۔
رپورٹ کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بان کی مون کا فلسطینی مظلوم قوم کے دفاع کے طریقہ کر پرتنقید غاصب صہیونی دشمن کی طرف داری اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بان کی مون فلسطینی قوم کو ہدایات دینے کے بجائے صہیونی دشمن کو نکیل ڈالیں۔ غزہ کی پٹی میں مجاھدین نے سرنگیں قومی دفاع کے لیے کھودی ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ فلسطینی قوم کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور بان کی مون سمیت کوئی بھی فلسطینیوں کو ان کے اس حق سے محروم نہیں رکھ سکتا۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ غزہ کی پٹی میں حماس کی جانب سے کھودی گئی سرنگیں خوف زدہ کرتی ہیں۔ اسی طرح فلسطینی مزاحمت کاروں کی اسرائیل پر راکٹ باری بھی نہایت خطرناک ہے۔ سرنگوں کی کھدائی اور راکٹ حملے مکمل طورپر بند ہونے چاہئیں۔
بان کی مون کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں سرنگوں کی کھدائی اور راکٹ حملے جنگ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو، فلسطینی اتھارٹی اور عالمی برادری سے امدادی کارروائیوں کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ بان کی مون کی جانب سے غزہ کی پٹی میں سرنگوں کی مذمت میں یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب پچھلے ہفتے غزہ میں ایک سرنگ کے حادثے میں سات مجاھدین شہید ہوگئے تھے۔