(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے غزہ کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں قابض اسرائیلی فوجیوں اور ان کی فوجی گاڑیوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔
القسام بریگیڈز نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ ہم نے جنوب میں موراگ محور پر واقع ملز کے ارد گرد قابض دشمن کے فوجیوں اور گاڑیوں کے ایک اجتماع پر بھاری گولہ بارود سے بمباری کی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ پیر کی صبح ہمارے مجاہدین نے ایک ایسے مقام پر حملہ کیا جہاں دشمن کے فوجی اور گاڑیاں پناہ لیے ہوئے تھے۔ ایک مجاہد نے میرکاوہ ٹینک پر چڑھ کر ایک فدائی بم برق ٹینک کے کمانڈر کے کیبن میں پھینکا جس کے نتیجے میں ٹینک کے عملے کے کئی ارکان ہلاک اور زخمی ہوئے۔ یہ کارروائی شمالی غزہ کے شہر جبالیہ کے وسط میں العمری کے علاقے میں کی گئی۔ ہمارے مجاہدین نے ہنگامی امدادی ہیلی کاپٹروں کو ہلاک و زخمی فوجیوں کو نکالنے کے لیے اترتے ہوئے بھی دیکھا۔
القسام بریگیڈز اور دیگر مزاحمتی گروہ "طوفان الاقصیٰ” معرکے کے حصے کے طور پر قابض اسرائیلی فوج کی گاڑیوں اور دراندازی کرنے والے فوجیوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ ایک سال سے زائد عرصے سے جاری قابض اسرائیلی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کر رہے ہیں۔