اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نہتے فلسطینیوں پر گولیاں چلا کر انہیں شہید کرتے ہوئے سنگین جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست نے پولیس اور فوج کو فلسطینیوں کے قتل کا لائسنس جاری کررکھا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے فلسطینی شہری فادی علون اور خاتون اسراء عابد کو بے گناہ گولیاں مار کر شہید کیا ہے۔ ان کی شہادت کے واقعات نے صہیونی دشمن کے جنگی جرائم کو کھل کر بے نقاب کردیا ہے۔ترجمان نے صہیونی فوج کی فلسطینی شہریوں کے خلاف منظم ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادری کی خاموشی کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے اسرائیلی جرائم پر زبان بند کرکے صہیونیوں کو فلسطینیوں کے قتل عام کا جواز فراہم کیا ہے۔ فلسطینیوں کے کشت و خون میں عالمی برادری بھی برابر کی قصور وار ہے۔ کیونکہ عالمی برادری کی خاموشی نے اسرائیلی جرائم کو آئینی قرار دینے کا موقع فراہم کیا ہے۔