غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے صدر اسماعیل ھنیہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کی ترک صدر رجب طیب ایردوآن پر تنقید کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیتن یاھو بچوں کا قاتل ہے اور اسے کسی کو انسانیت کا درس دینے کا کوئی حق نہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اناطولیہ نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ’’مجرم اوربچوں کے قاتل‘‘ کو انسانیت کا درس دینے کا کوئی حق نہیں۔ فلسطینیوں کی حمایت اور نصرت کرنے والے ظلم اور دہشت گردی کی حمایت نہیں کرسکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیتن یاھو فلسطینیوں پر اپنے مظالم اور جرائم کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔ نیتن یاھو اپنے جھوٹ اور دروغ گوئی کی وجہ سے فلسطینیوں کی نصرت کے لیے آواز بلند کرنے والوں کومجرم نہیں بنا سکتے۔اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ نیتن یاھو طیب ایردوآن پر اس لیے تنقید کررہا ہے کیونکہ ترک صدر کی فلسطینیوں کی حمایت سے دشمن پر رعب اور خوف طاری ہے۔ پوری دنیا میں اسرائیلی ریاست کو بائیکاٹ کا سامنا ہے اور بائیکاٹ کو غیر مؤثر بنانے کے لیے ترکی کو ہدف تنقید بنایا جا رہا ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ نیتن یاھو کے ترک صدر پرالزامات حیران کن ہیں۔ نیتن یاھو خود فلسطینی بچوں کا قاتل ہے۔ اسے ترک صدر کو تنقید کا نشانہ بنانے اور انسانیت کا درس دینے کا کوئی حق نہیں۔